صدر نے پنجاب اور کے پی میں مقررہ وقت پر الیکشن کیلئے وزیراعظم کو خط لکھ دیا

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے پنجاب اور خیبر پختونخوا میں مقررہ وقت پر انتخابات کے لیے وزیراعظم شہباز شریف کو خط لکھ دیا۔

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی جانب سے وزیراعظم شہباز شریف کے نام لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے متعلقہ حکام کو پنجاب اور خیبرپختونخوا میں مقررہ وقت پر عام انتخابات کے لیے الیکشن کمیشن کی معاونت کی ہدایت کریں۔

صدر عارف علوی نے خط میں یہ بھی لکھا ہے کہ وزیراعظم توہین عدالت سمیت مزید پیچیدگیوں سے بچنے کے لیے متعلقہ حکام کو ہدایت کریں۔

وزیراعظم کو لکھے گئے خط میں صدر مملکت نے یہ بھی کہا ہے کہ پاکستان میں جمہوریت اور انسانی حقوق کی صورتحال اور مستقبل پر منفی اثرات مرتب ہو رہے ہیں لہذا وفاقی اور صوبائی حکومتوں کو انسانی حقوق کی پامالی سے باز رہنے کی ہدایت کی جائے۔

صدر پاکستان کا اپنے خط میں کہنا ہے کہ 2021 کے ورلڈ پریس فریڈم انڈیکس میں پاکستان 180 ممالک میں سے 145 ویں نمبر پر تھا، اس سال کے اقدامات سے اس انڈیکس میں پاکستان کی درجہ بندی مزید نیچے آئے گی۔

یاد رہے کہ الیکشن کمیشن نے پنجاب میں 30 اپریل کو شیڈول انتخابات ملتوی کرتے ہوئے 8 اکتوبر کی تاریخ دے دی ہے جبکہ پاکستان تحریک انصاف نے الیکشن کمیشن کا فیصلہ سپریم کورٹ میں چیلنج کرنے کا اعلان کیا ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More