’یہ مجھے مرتضیٰ بھٹو کی طرح قتل کرنا چاہتے ہیں‘

لاہور: سابق وزیر اعظم اور چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کا کہنا ہے کہ یہ (پی ڈی ایم حکومت) مجھے مرتضیٰ بھٹو کی طرح قتل کرنا چاہتے ہیں۔

ویڈیو لنک کے ذریعے کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ آج پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس ہو رہا ہے جس میں ایک بار پھر ان کی کوشش ہوگی کہ کسی طرح پی ٹی آئی کو الیکشن سے باہر کیا جائے کیونکہ انہیں پتا ہے اگر الیکشن ہو گیا تو ان کی سیاسی قبریں بن جائیں گی۔

عمران خان نے کہا کہ ہمارے کارکنان کو پکڑا جا رہا ہے، یہ ایسا کریک ڈاؤن کر رہے ہیں جس کی جمہوریت میں مثال نہیں ملتی، سابق صدر پرویز مشرف کے مارشل لا دیکھا ہے کبھی اس طرح کا کریک ڈاؤن نہیں دیکھا، راولپنڈی، اسلام آباد، جہلم اور فیصل آباد میں لوگوں کو پکڑ رہے ہیں، یہ ایسا کر رہے ہیں جیسے ہم مجرموں کی جماعت ہے۔

’مجھ پر 97 کیسز ہیں آج پتا چلا کہ 143 کیسز ہو چکے ہیں۔ کرکٹ کے ریکارڈ تو توڑے تھے آج کیسز کے ریکارڈ بھی توڑ چکا ہوں۔ توہین مذہب، غداری اور طرح طرح کے کیسز مجھ پر بنائے جا رہے ہیں۔ موجودہ صورتحال پر ہیومن رائٹس اور انٹرنیشنل اداروں کو خط لکھ رہے ہیں۔‘

’جب جوڈیشل کمپلیکس گیا تو ذہنی طور پر تیار تھا کہ مجھے پکڑ لیا جائے گا۔جیسے جیسے کمپلیکس کے قریب آیا لوگ خود نکل کر آگئے۔ جیسے جیسے میں ان کے پاس جاتا رہا دیکھا پولیس کی نفری بڑھتی گئی۔ ہم پر ٹیئر گیس کا آغاز ہوا لوگوں میں اشتعال پیدا کرنے کی کوشش کی گئی۔ عدالت سے چند میل پہلے ہی مجھ پر ٹیئر گیس شیل شروع کر دیے۔ جب دروازے پر پہنچا تو پولیس والے پتھر مار رہے تھے۔‘

چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ چیف جسٹس پاکستان دیکھیں کیا کبھی کسی سیاسی لیڈر کے ساتھ ایسا ہوا؟ پولیس والے چھتوں سے پتھر مار رہے تھے، سوال یہ ہے کہ کیا پولیس والے اپنا دفاع کر رہے تھے، میں 40 منٹ تک دروازے کے باہر کھڑا رہا اس کے بعد جب معاملہ سیٹل ہوا تو اندر گھسنے کی کوشش کی۔

سابق وزیر اعظم نے بتایا کہ ان کا مجھے مرتضیٰ بھٹو طرز پر قتل کرانے کا پلان تھا، قوم 50 سال سے مجھے جانتی ہے کہ میں نے کتنی بار قانون توڑا ہے، آئی جی پنجاب بھی اس پلان میں پوری طرح شامل تھا، وہ ان پر برس پڑا کہ تم نے عمران خان کو کیسے نکلنے دیا، مجھے پلان پتا چلا ہے ہو سکتا ہے آج شام کو یہ آپریشن کریں گے، اللہ کا خاص کرم تھا وزیر آباد میں مجھے بچالیا، اس حملے پر بنائی گئی جےآئی ٹی کا ریکارڈ تباہ کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ زمان پارک کے باہر آج یا کل آپریشن کا پلان ہے، آئی جی اسلام آباد اور پنجاب نے دو اسکواڈ بنائے ہیں، ان کا پلان ہے وہ اسکواڈ کارکنان میں گھس کر گولیاں چلا کر پولیس والوں کو مارے گا، یہ سانحہ ماڈل ٹاؤن بنانا چاہتے ہیں، یہ آپریشن کر کے اس کے بعد مجھے گھر میں مرتضیٰ بھٹو کی طرح قتل کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ میرے خلاف کوئی نیا وارنٹ بھی لے آئیں تو کارکنان انھیں آنے دیں، اگر مجھے جیل بھی جانا پڑا تو میں جانے کو تیار ہوں، ہم نے کسی قسم کے تصادم میں حصہ نہیں لینا، اشتعال دلانے کی کوشش کریں گے تو کسی قسم کاری ایکشن نہیں دینا۔

عمران خان نے کہا کہ اسحاق ڈار نے سینٹ میں آئی ایم ایف اور نیو کلیئر پروگرام کو جوڑ دیا، آئی ایم ایف نے اسحاق ڈار کے بیان کی تردید کی ہے، جن کا پاکستان میں اسٹیک نہیں انہیں کیا فرق پڑتا ہے کہ نیو کلیئر بیچ دیں۔

’جان تو میری خطرے میں ہے مگر میں کھڑا ہوں۔ جب اسلام آباد جا رہا تھا تو یقین تھا جیل میں ڈالیں گے یا مار دیں گے۔ جرائم پیشہ لوگ اوپر بیٹھ کر ہم سے غلامی کرانا چاہتے ہیں۔ اگر یہ ملک پر بیٹھے رہے تو آپ کا کوئی مستقبل نہیں ہوگا۔‘

چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ زندگی موت اللہ کے ہاتھ میں ہے، یہ پولیس والوں سے غلط کام کرا رہے ہیں، سب کو کہتا ہوں اپنے رزق اور تنخواہ کے غلام نہ بنیں، اللہ کا حکم ہے اچھائی کے ساتھ کھڑے ہوں، نوجوانوں نے اس ظلم کے خلاف پرامن احتجاج نہ کیا تو ساری زندگی غلامی کریں گے، اب تک 8 لاکھ پاکستانی ملک چھوڑ کر جا چکے ہیں، شوکت خانم سے 4 اہم ڈاکٹرز ملک چھوڑ کر چلے گئے ہیں، یہ وقت ملک چھوڑ کر جانے کا نہیں بلکہ جہاد لڑنے کا ہے، اگر میں جیل جاتا ہوں تو آپ لوگوں نے کھڑے ہونا ہے، ہفتے کی رات میں آپ کے سامنے پروگرام رکھوں گا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More